وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ایران کے پارلیمانی وفد کی ملاقات،افغانستان میں مستحکم حکومت اور پائیدار امن کے لئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

32

اسلام آباد،12اکتوبر  (اے پی پی):پاکستان اور ایران نے افغانستان میں مستحکم حکومت اور پائیدار امن کے لئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ایران کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔ایرانی پارلیمانی وفد کی سربراہی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر احمد امیر آبادی فرحانی کر رہے تھےجبکہ وفد میں ڈاکٹر محسن پیرہادی، ڈاکٹر ملک فاضلی،  الہام آزاد، اسماعیل حسین ذیہی اور ڈاکٹر علی مظفر سمیت ارکان پارلیمان اور کاروباری شخصیات شامل تھے۔

ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی،ملاقات میں دہشت گردی اورغیر قانونی انسانی نقل وحمل پر قابو پانے کے لئے تجاویزپرتبادلہ خیال کیا گیا۔افغانستان میں مستحکم حکومت اور پائیدار امن کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا،ملاقات میں پاکستان اور ایران کے ارکان پارلیمان اور متعلقہ وزارتوں کے مابین روابط بڑھانے پر زور دیا گیا۔قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر موثرعملدرآمد کے لئے خصوصی کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اورکشمیر پر ایرانی حکومت اورعوام کے موقف کے معترف ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کو افغانستان میں پائیدار امن کے لئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ فغانستان میں پائیدار امن پورے خطے کی ترقی اور امن لئے انتہائی ناگزیر ہے۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران جانے والے زائیرین کے لئے سفری اور امیگریشن سہولیات کو مزید بہتر کرینگے۔ ڈاکٹر پاکستان اور ایران کے درمیان پارلیمانی وفود کے احمد امیر آبادی فرحانی نے کہا کہ تبادلوں سے باہمی تعلقات میں مزید وسعت آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کے حجم کو بڑھانے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔مسلمانوں کے درمیان اتحاد سے ہی صیہونی سازشوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے انہوں نے ہرنائی بلوچستان زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے عظیم سائینسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور انکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ایران کے پارلیمانی وفد کے سربراہ کے ذریعے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ایرانی ہم منصب کو پاکستان دورے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی ہم منصب کے دورے سے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔