ربیع الاول کے پہلے عشرہ کو نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کو صوبے بھر میں اجاگر کرنے کے لیے تقریبات منعقد کی جائیں؛وزیراعظم عمران خان کی گورنر سندھ عمران اسمعیل کو ہدایت

18

اسلام آباد،12اکتوبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ کو ہدایت کی ہے کہ ربیع الاول کے پہلے عشرہ کو نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کو صوبے بھر میں اجاگر کرنے کے لیے تقریبات منعقد کی جائیں۔

وزیر اعظم سے گورنر سندھ عمران اسمعیل نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ملاقات میں بارہ ربیع الاول شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں معروف سکالرز، مذہبی علما ومشائخ کو مدعو کیاجائے گا۔

گورنر سندھ نے وزیر اعظم سے شرکت و خطاب کی درخواست کی جسے وزیر اعظم نے منظور کیا ۔ وزیر اعظم ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ کانفرنس کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اس عشرہ کو نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کو صوبے بھر میں اجاگر کرنے کے لیے تقریبات منعقد کی جائیں۔