پاکستان میں زیتون کا تیل پیدا کرنے کی وسیع صلاحیت موجود ہے، انٹرنیشنل اولیو کونسل  کے ڈائریکٹر عبدالطیف خدیرا

16

اسلام آباد۔21اکتوبر  (اے پی پی):انٹرنیشنل اولیو کونسل (آئی او سی) کے ڈائریکٹر عبدالطیف خدیرا نے کہا ہے کہ پاکستان میں زیتون کا تیل پیداوار  کی وسیع صلاحیت موجود ہے، جس سے نہ صرف ملکی ضرورت پوری کی جا سکتی  ہیں  بلکہ پاکستان زیتون کا تیل برآمد کرنے والا بڑا ملک بن جائے گا، پاکستانی حکومت زیتون کی پیداوار میں اضافے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالطیف خدیرا پاکستان آئل سیڈز ڈویلپمنٹ بورڈز (پی او ایس ڈی بی) کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کی پیداوار میں اضافے کے لئے حکومت پاکستان سرٹیفکیشن حاصل کر رہی ہے، اس حوالے سے ملک میں لیبارٹریز اور پلانٹس کی تنصیب پاکستانی ماحول کے لئے سازگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئی او سی کے آئندہ اجلاس میں مبصر کے طور پر مدعو کیا جائے گا تاکہ پاکستان کو باقاعدہ ممبرشپ دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زیتون کی پیداوار میں اضافے کی بے پناہ صلاحیت اور حکومت کی طرف سے زیتون کی پیداوار میں اضافے کے لئے کئے گئے ۔ ان اقدامات کے باعث پاکستان کو سٹیٹ آف دی کونسل کا باقاعدہ ممبر بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ آئی او سی دنیا کی واحد عالمی بین الحکومتی تنظیم ہے جو زیتون کے فروغ پر کام کر رہی ہے، جس کا قیام 1959ء میں سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں عمل میں لایا گیا، جس کے 17 ایسے اراکین ہیں جو بین الاقوامی سطح پر نمایاں زیتون کے پیدا اور برآمد کنندہ ہیں۔ آئی او سی کے رکن ممالک دنیا کی 98 فیصد پیداوار کے حامل ہیں۔ اس موقع پر قومی خبر رساں ادارے ”اے پی پی” سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان آئل سیڈ ڈویلپمنٹ بورڈ (پی او ایس ڈی بی) کے چیئرمین ڈاکٹر خیر محمد کاکڑ نے بتایا کہ ہم آئندہ اجلاس کے لئے پرامید ہیں، پاکستان آئی او سی کا پروژنل ممبر بننے کے معیار پر پورا اترتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس کا رکن بنے گا اور پاکستان کو آئی او سی کا ممبر بننے کے بعد زیتون کی پیداوار میں اضافے کے لئے یونٹ کے قیام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کی بہترین زیتون پیدا ہوتی ہے، بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں اعلی معیار کے زیتون کی پیداوار حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی او سی کی ممبرشپ حاصل کرنے کے بعد پاکستان کو اولیو آئل کی سرٹیفکیشن حاصل کرنے میں مدد ملے گی تاکہ اسے دنیا کا اعتماد حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ کی استعداد اور معیار کو بہتر بنانے کے لئے حکومت 5 معیاری لیبارٹریز کے قیام کے لئے 4 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی او سی نے اس شعبہ میں تکنیکی تعاون اور ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کیا ہے اور اس شعبہ میں بہتری لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے تربیت بھی فراہم کی ہے۔ نیشنل پراجیکٹ ڈائریکٹر اولیو ڈاکٹر محمد طارق نے اس موقع پر بتایا کہ نئی تحقیق کی بنیاد پر حکومت پاکستان 75 ہزار ایکڑ رقبے پر آئندہ تین سالوں کے دوران زیتون کی کاشت کرے گی۔