پاکستان  میں  غیر ملکی  سرمایہ کاری  کیلئے  وسیع  مواقع ہیں ؛ وزیراعظم عمران خان کا پاکستان سعودی عرب انویسٹمنٹ فورم سے خطاب

20

ریاض ،25اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات لازوال ہیں، سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی سرمایہ کاری  کیلئے پاکستان پرکشش ملک ہے۔

 وہ پیر کو پاکستان سعودی عرب انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے قلیل وقت میں انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد پر انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفلیع کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 1960ء کی دہائی میں پاکستان کی معیشت دنیا میں تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل تھی، اس کے ادارے مضبوط تھے، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن دنیا کی چوٹی کی 5، 6 ایئر لائنوں میں شمار ہوتی تھی، اس وقت پاکستان درست سمت گامزن تھا تاہم بدقسمتی سے ہم اس راستہ سے بھٹک گئے، اب ایک  مرتبہ پھر ہم اسی راستے پر گامزن ہو رہے ہیں، صنعتوں کو مراعات دے رہے ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی 22 کروڑ کی آبادی میں اکثریت 30 سال سے کم عمر ہے جو کہ ایک شاندار استعداد ہے جو ترقی میں اہم کردار کے حامل ہیں، پاکستان کی نوجوان افرادی قوت اور جغرافیائی محل وقوع اس کی اہمیت میں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیائی اور اس سے پیچھے کی مارکیٹوں کیلئے گیٹ وے ہے اور پاکستان اپنی اس جیو شراکت داری کے تحت جدید خطوط پر علاقائی روابط کی بنیاد پر بین العلاقائی تجارت کیلئے مواقع کی پیشکش کرتا ہے۔