سعودی عرب کی سلامتی کو کسی قسم کے خطرے پر پاکستان اس کے تحفظ کیلئے پر عزم ہے ؛ وزیراعظم عمران خان

18

ریاض ،25اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات لازوال ہیں، سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی عرب کی سلامتی کو کسی قسم کے خطرے پر پاکستان اس کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔

وہ پیر کو پاکستان سعودی عرب انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات لازوال ہیں جن کی جڑیں عوامی سطح پر ہیں، پاکستان میں کوئی بھی حکومت ہو سعودی عرب کے ساتھ خصوصی تعلقات برقرار رہتے ہیں، سعودی عرب حرمین شریفین کی سرزمین ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، دونوں ملکوں کے تعلقات کے استحکام کی وجہ عوامی تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مشکل وقت میں ساتھ دینے والے اپنے مخلص دوستوں کو یاد رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب کی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو کوئی خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔