کوئٹہ، 26 اکتوبر(اے پی پی):پاکستان میں متعین یورپی یونین کی سفیرا ندرولاکامینارا نےکہاہے کہ پاکستان کو ڈیجیٹائیلازیشن میں ترقی اور دنیا میں موجود مواقع سے استفادہ کرنا ہو گا، یورپین یونین اس شعبے میں تعاون جاری رکھےگی۔
یہ بات انھوں نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسزمیں تیسری دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان کمپیوٹنگ،الیکٹرانک اور الیکڑیکل انجینئرنگ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ انہیں بیوٹمز میں دوسری باردورہ کرنے کا موقع ملا ہے جو کہ انتہائی خوشگوار ہے،بیوٹمز انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اور دیگر جدید علوم کی فراہمی کو بہترین انداز میں ممکن بنا رہی ہے،اس کانفرنس سے بلوچستان کے معاشرتی و معاشی مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل میں خاطر خواہ مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات دیرپا اور انتہائی دوستانہ رہے ہیں،جووقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،یورپی یونین پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں ،اسٹریٹیجک اور معیشت کی بحال سمیت دیگر شعبوں میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے، 2001سے لیکر اب تک یورپی یونین 1.9بلین یورو پاکستان کو ترقیاتی تعاون کی مد میں فراہم کرچکی ہے،جس سے دیہی ترقی، تعلیم اور دیگر شعبہ جات کی ترقی میں مدد ملی ہے۔
سفیرا ندرولاکامینارا نے کہاکہ یورپی یونین پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کی بہتری اور فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کے طلباءاور جامعات کے اساتذہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے بین الاقوامی جامعات میں خصوصی وظائف دئیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیجیٹائیلازیشن میں ترقی اور دنیا میں موجود مواقع سے استفادہ کرنا ہو گا،جس کے لئے یورپی یونین تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ تیسری دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان کمپیوٹنگ،الیکٹرانک اور الیکڑیکل انجینئرنگ میں یورپین یونین کے وفد سمیت دنیا بھر سے ماہرین تعلیم،محققین، انجینئرز، سرکاری و غیر سرکاری اداروں سے وابستہ سینئر عہدہ دار، طلباءوطالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد شریک کی۔ بین الاقوامی کانفرنس، یورپین یونین، ڈیفنس ہاﺅسنگ اتھارٹی کوئٹہ،اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقی (یو این ڈی پی)،میپل سولر سلوشنز اور بیوٹمز کے اشتراک سے منعقد ہو رہی ہے۔
کانفرنس کے ذریعے سامنے آنے والے تخلیقی و تحقیقی منصوبہ جات اورمقالہ جات مستقبل قریب میںملک،صوبے اور دنیا بھر میں کمپیوٹنگ،الیکٹرانک اور الیکڑیکل کے شعبہ جات میں تبدیلیاں اور نتائج حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرئینگے، کانفرنس میں مختلف ممالک سے ماہرین تعلیم و محققین نے اپنے ریسرچ پیپرز اور مضامین پیش کئے۔
کانفرنس کا بنیادی مقصددنیا بھر کے محققین کو بلوچستان سے متعلق آگاہی اور بلوچستان میں تعلیم و تحقیق کے شعبوں کو تقویت دینا ہے تاکہ جدید علمی و سائنسی تقاضوں اور جدید ایجادات سے بلوچستان اور پاکستان بھرکے اساتذہ اور طلباءکو روشناس کرایاجاسکے، کانفرنس کی گزارشات اور نتائج عام آدمی کی زندگی میں آسانیاںلانے کیلئے بھی مدد گار ثابت ہونگے۔