اسلام آباد،6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاک فوج اور اسکے ادارے ملکی سلامتی کے ضامن ہیں،کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی کوئی خبر نہیں، مفاہمت سے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل ایکشن پلان کے جائزہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مریم نواز کی طرف سے ملکی اداروں پر تنقید کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فوج اور ادارے ملکی سلامتی کے ضامن ہیں، ان پر تنقید سے اقتدار کے بھوکوں کو کچھ نہیں ملے گا، یہ اپنا ہی نقصان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھتیجی چچا کے لیے راستہ نہیں نکالنا چاہتی، کمپنی کی مشہوری کے لیے اداروں کو نشانہ بنانے کی روش پر گامزن ہیں، ساری دنیا میں ہمارے اداروں کی کارکردگی اور صلاحیت کا اعتراف کیا جاتا ہے، جس طرح کی سخت تنقید اداروں پر کی جا رہی ہے یہ اس ملک میں آزادی اظہار کی صورتحال کو واضح کرتی ہے۔