پشین ؛ انسداد پولیو کے  عالمی دن   کی مناسبت سے پولیو ورکرز کی حوصلہ آفزائی اور اس دن کی اہمیت کو  اجاگر کرنے کیلئے  سیمینار کا انعقاد

14

پشین،15 اکتوبر ( اے پی پی):   انسداد پولیو کے  عالمی دن   کی مناسبت سے پولیو ورکرز کی حوصلہ آفزائی اور اس دن کی اہمیت کو  اجاگر کرنے کیلئے  سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیو کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔

سیمینار سے رکن قومی اسمبلی مولانا کمال الدین، ونگ کمانڈر ایف سی پشین لیفٹننٹ کرنل محمدحسن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمدایوب اچکزئی اور   دیگر   مقررین نے کہاکہ پاکستان کے بہادر صحت محافظ، جو تمام موسمی اور ماحولیاتی مشکلات کے باوجود پاکستان کے تمام صوبوں کے کونے کونے میں بسنے والے بچوں تک بڑی کامیابی سے نہ صرف رسائی حاصل کر رہے ہیں بلکہ انکو پولیو کے حفاظتی قطروں کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں اورانسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ان صحت محافظ کارکنان کی ان تھک محنت اور کوششوں سے پاکستان کو جلد پولیو کے موذی وائرس سے مکمل محفوظ بنا دیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو تدارک کے اس عظیم مقصد میں پولیو ورکرز کی ناقابل فراموش پرعزم جدوجہد  ہمارے روشن مستقبل  کی ضامن ہے۔ آپکے صبر، ہمت اور جراتمندانہ خدمات کے بغیر ہم کامیابیوں کی ان بلندیوں کو نہیں چھو سکتے تھے جہاں آج ہم کھڑے ہیں۔

مقررین  نے کہا کہ  پولیو کا عالمی دن ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ ہمیں نا صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے تمام بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ   پانچ  سال سے کم عمر تمام بچوں کو باقاعدگی سے پولیو کے قطرے پلانے سے اس مرض سے بچا جاسکتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے جو رضاکار کام کر رہے ہیں، وہ قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم پولیو کے خلاف متحد ہے ، آئندہ نسلوں کو پولیو فری پاکستان دینا ہم پرفرض ہے ۔انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو معذوری سے بچانے اور ملک کو پولیو فری بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ شہریوں اور علمائے کرام کو بھی اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

 سیمینار سے  ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آرباب کامران کاسی، ڈسٹرکٹ ڈپٹی پولیو لیڈ ڈاکٹر صفدر زرکون، اسسٹنٹ کمشنر برشور حفیظ اللہ سوری، پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر ممتاز رند، ڈسٹرکٹ کمیونیکئشن آفیسر سید کلیم اللہ آغا، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمدعیسی روشان، عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمدصادق کاکڑ، جمیعت علماء اسلام کے ضلعی رہنماء مولوی احسان اللہ، اور تحصیل کمیونیکیشن آفیسر حرمزئی محمدحسن کاکڑ نے بھی خطاب کیا۔

 اس موقع پر  ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالغفار کاکڑ، ڈسٹرکٹ ڈلیوری اینڈ آپریشن آفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ ترین، ڈسٹرکٹ سرویلنس آفیسر ڈاکٹر عبدالاحدکاکڑ، چیف آف اچکزئی عبدالصمدخان اچکزئی، پی پی ایچ آئی کے ڈی ڈی ایس ایم ضیاءالرحمان غلزئی،   پاکستان پیرا میڈیکل سٹاف فیڈریشن کے مرکزی صدر فضل الرحمان کاکڑ سمیت مختلف قبائیلی معتبرین، علاقے کے معززین، سرکاری آفیسران، میڈیکل آفیسران اور محکمہ صحت سے وابستہ فیلڈ اسٹاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔