پیٹرول پر سلیز ٹیکس%17 سے کم کر کے %6.84، پیٹرولیم لیوی 5.64 روپے کردی ہے ؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

43

فیصل آباد،16اکتوبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ہفتہ کو یہاں  گورنمنٹ ماڈل ایم سی گرلز ہائر سیکنڈری سکول سمن آباد  میں  میڈیا  سے گفتگو میں  کہا  ہے  کہ حکومت   نے پیٹرول پر سلیز ٹیکس%17 سے کم کر کے %6.84، پیٹرولیم لیوی 5.64 روپے کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 37 ڈالر فی بیرل پر تھیں تو حکومت عوام کو ریلیف دیتی رہی لیکن اب یہ قیمت دوگنا سے بھی زیادہ ہوکر 85 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی ہے لہٰذا حکومت کو بھی قیمتوں میں کچھ اضافہ کرنا پڑا ہے مگر پھر بھی حکومت نے پٹرول پر سیلز ٹیکس 17 سے کم کرکے 6.84 فیصد اور پٹرولیم لیوی کو کم کرکے 25 سے30 کی بجائے 5.64 روپے کیااس طرح حکومت نے اپنا ریونیو کم کرلیا تاکہ عوام پر زیادہ بوجھ نہ پڑے حالانکہ دیگر ممالک میں پٹرول کی قیمتیں اب بھی پاکستان سے بہت زیادہ ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13.5 فیصد اضافہ کے برعکس ہم نے 8 فیصد اضافہ کرکے اربوں کا بوجھ خود اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کوئلہ جس سے بجلی پیدا اور انڈسٹری چلتی ہے کی قیمت عالمی سطح پر 50 ڈالر فی ٹن سے بڑھ کر 250 ڈالر اور خوردنی تیل کی قیمت 500 ڈالر فی ٹن سے بڑھ کر 1200 سے 1300 ڈالر فی ٹن ہو گئی ہے جس کے ساتھ ساتھ کنٹینر شپنگ کے جو چارجز پہلے 2000 ڈالر اور پہنچ 1 ماہ تھی اب اس کے چارجز بڑھ کر 8000 سے 10 ہزار ڈالر اور پہنچ 3 سے4 ماہ ہوچکی ہے۔