اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یہاں ایوان صدر میں چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھاتی کے سرطان کا علاج صحت کارڈ میں شامل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھاتی کے سرطان کے مرض میں مبتلا خواتین کے خاندان اور بچے نہ صرف متاثرہوتے ہیں بلکہ لاکھوں روپے کے اخراجات کے باوجود دیر سے تشخیص کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانوں کا ضیاع بھی ہوتا ہے، حکومت نے اب صحت کارڈ میں چھاتی کے سرطان کے علاج کو شامل کیا ہے جو خوش آئند اقدام ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر اور جلد تشخیص کی بھی ضرورت ہے۔