فیصل آباد ۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ہفتہ کو گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج آف سائنس سمن آباد فیصل آباد میں ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے ملٹی پرپز ہال کے سنگ بنیاد اور 82 طلبا میں 25 ہزار روپے فی کس کے حساب سے رحمت اللعالمین سکالر شپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت کاروبار کے لیے آسان شرائط پر 28 ارب روپے کے قرضے منظور ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کیلئے 100 ارب روپے کا فنڈ قائم کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کئے جائیں اور وہ اپنا کاروبار شروع کرکے ملازمتوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے دوسروں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے قابل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ اور آئیڈیاز کی کمی نہیں لیکن ان کے پاس رقم نہیں تھی مگر اب حکومت ان کو ان کے قدموں پر کھڑا کرنے کیلئے رقم فراہم کررہی ہے لہٰذا نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں اسی طرح حکومت نے 10 ارب روپے سے ہائی سکلڈ پروگرام شروع کیا ہے جس سے طلبا و طالبات کو ای کامرس، موبائل ایپ، ویب ڈیزائننگ، ویب گرافک، کمپیوٹر پروگرامنگ سمیت دیگر اقسام کے کورسز کے ذریعے تربیتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنے قدموں پر کھڑے ہوسکیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ اب تک اس سلسلہ میں 2500 سکلڈ و سرٹیفائیڈ طلبا تیار بھی کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس ضمن میں 5 ارب روپے کے ایک لاکھ سکالر شپ بھی جاری کرنے کا پروگرام مرتب کررہی ہے۔انہوں نے طلبا کو ہدایت کی کہ وہ اس پروگرام سے استفادہ کریں کیونکہ وہ ہنر حاصل کرکے مختلف اقسام کی تربیت سے لاکھوں روپے کماسکتے ہیں۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ طلبا کو چاہیے کہ وہ کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ پر جاکر خود کو رجسٹرڈ کروائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اسلئے ہم سب نے مل کر اس کی بہتری کیلئے کام اور یہاں عدل و انصاف والا معاشرہ قائم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہماری امید اور پاکستان کا مستقبل ہیں اسلئے انہیں چاہیے کہ قومی تعمیر و ترقی اور عوامی و سماجی فلاح و بہبود میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ انشااللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بن کر ابھرے گااور ہم اپنے وطن کو ترقی میں بہت آگے لیکر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر انسان میں جذبہ اور نیت نیک و حوصلے بلند ہوں تو دنیا کی کوئی بھی چیز ناممکن نہیں رہتی۔فرخ حبیب نے کہا وزیراعظم ملک و قوم کی بہتری کیلئے دن رات کام کررہے ہیں جس کے نتائج جلد سامنے آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ربیع الاول کی مناسبت سے میرٹ پر رحمت اللعالمین سکالرشپس تقسیم کررہی ہے اسی طرح وفاقی حکومت کے احساس پروگرام کے تحت 50 ہزارسکالر شپ تقسیم کئے جارہے ہیں تاکہ 45 ہزار روپے یا اس سے کم آمدنی والے جو افراد اپنے بچوں کو یونیورسٹیز میں تعلیم دلوانا چاہتے ہیں ان کا تعلیم کا تمام خرچ حکومت اٹھاسکے یہی نہیں بلکہ ان کی تمام فیسیں اور تعلیمی اخراجات بھی حکومت ادا کرے گی۔