کراچی؛کوورنا حفاظتی ویکسین نہ لگانے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ، دوکانیں سیل ، جرمانے عائد کئے گئے

52

کراچی،3اکتوبر( اے پی پی):شہری انتظامیہ نے کوورنا حفاظتی ویکسین نہ لگانے والوں کے خلاف اتوار کو شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا۔ دوکانوں ، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز پر کام کرنے والوں کے کورونا ویکسین کارڈ چیک کرنے کے علاوہ ایس اوپیز پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا ، ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ویکسینیشن نہ کروانے والے دوکانداروں پر جرمانے عائد کرنے کے علاوہ دوکانوں کو سیل بھی کیا گیا ۔

اسسٹنٹ کمشنر کورنگی کیپٹن عطاالرحمان نے کورنگی کے مختلف شاپنگ سینٹرز ، موبائیل مارکیٹ، بیوٹی پارلرز اور ریسٹورنٹس کا دورہ کیا ۔ انہوں نے دوکانداروں ، ریسٹورنٹس منیجر زاور دیگر عملے کے ماسک اور کورونا ویکسین کارڈ چیک کئے ۔ ویکسین نہ کرانے والے دوکانداروں کی دوکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ ریسٹورنٹس پر جرمانے عائد کئے گئے ۔

اسسٹنٹ کمشنر نے انہیں متنبہ کیا کہ وہ تین یوم کے اندر ویکسین لگوائیں اور حلف نامہ جمع کرنے کے بعد دوکانوں کو ڈی سیل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کی صورت میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

 اے سی ماڈل کالونی کی ہدایت پر مختیار کار سید ناد علی شاہ نے لیاقت مارکیٹ کا دورہ کیا اور کورونا ویکسنشین کارڈ چیک کئے ۔ جن دوکانداروں کے پاس کارڈ نہیں تھے ان پر جرمانے عائد کئے گئے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف مارکیٹوں ، شاپنگ مالزاورعوامی مقامات کے دورے کئے اور کورونا ایس اوپیز کے خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔