کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں خاتم النبین حضرت محمدﷺ کی ولادت باسعادت کا دن عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا

33

کوئٹہ، 19اکتوبر(اے پی پی ): خاتم النبین حضرت محمدﷺ کی ولادت باسعادت کا دن جشن عیدمیلادالنبیﷺ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں منگل کوانتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔

اس موقع پر کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں ،طوغی روڈ،بروری روڈ،قمبرانی روڈ،سریاب روڈ اور غوث آباداورمختلف علاقوں سے مفتی محمد شہزاد عطاری ،میلاد کمیٹی کے سربراہ نعیم احمد مدنی ،علامہ احمد رضا قمبرانی ،فہیم احمد سلطانی ،ملک ارشد ،مفتی مختار احمد حبیبی ، مفتی محمد صدیق القادری، آ غا ابراہیم مجددی ، مفتی شہزاد صدیقی ،علامہ عباس قادری،علامہ محمد قاسم قاسمی ، حافظ رانا مظہر لیاقت ، علامہ سیف اللہ طارقی ، علامہ عاقل باروی ، علامہ شعیب مولانا صوفی آغا ، مولانا محمد عالم ، مولانا عبد الطیف ، سہیل اشرف ، لالا صغیر کھرل صاحب، عشر رسول ،میلاد کمیٹی کے اراکین نعت خواں حضرات و دیگر شخصیات کی قیادت میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔

ریلی مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی منان چوک پر اختتام پذیر ہوئی ، ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے حضور ﷺ کی بارگاہ اقدس میں درود وسلام پیش کیا  اور جگہ جگہ نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

 جشن عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر کوئٹہ سمیت سبی ، نصیرآباد، جعفرآباد، گوادر،ژوب، ڈیرہ بگٹی،قلات اور دیگر علاقوں میں گلی اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں برقی قمقموں اور سبزجھنڈیوں سے سجایا گیا تھا جبکہ صوبے کے مختلف سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا تھا۔

 صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں درجنوں مقامات سے عیدمیلادالنبی ﷺ کے جلوس برآمد ہونے کے ساتھ سینکڑوں مساجد اور خانقاہوں میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا جس میں علماءکرام اور مشائخ عظام نے نبی آخر زمان حضرت محمد ﷺ کی زندگی کے مختلف گوشوں پرروشنی ڈالی۔

نماز فجر کے بعد مساجد ومدارس اور گھروں میں عاشقان مصطفی کی جانب سے قرآن خوانی کا اہتمام کیاگیا ،جشن عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر کوئٹہ سمیت دیگراضلاع میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔پولیس،لیویز اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے مختلف مقامات پر سیکورٹی کے فرائض سرانجام دئیے۔

جلسوں کے آخر میں ملکی سلامتی ، استحکام اور بلوچستان میں بحالی امن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔