گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان کی زیرصدارت وویمن یونیورسٹی صوابی کی خصوصی سینٹ کا اجلاس

15

پشاور،28اکتوبر  (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان کی زیرصدارت وویمن یونیورسٹی صوابی کی خصوصی سینٹ کا اجلاس جمعرات کے روز گورنر ہاوس پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی صوابی(جبری رخصت) ڈاکٹرشاہانہ عروج کاظمی کیخلاف جےآئی ٹی انکوائری رپورٹ پر تبادلہ خیال کیاگیا اورانکوائری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں ڈاکٹرشاہانہ عروج کاظمی کو شوکاز نوٹس جاری کرنیکی منظوری دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹرشاہانہ عروج کاظمی کو انکوائری رپورٹ میں ثابت ہونیوالے الزامات سے متعلق اپنا موقف اور  دفاع کرنے کا موقع فراہم کیا جائیگا ۔

  اجلاس میں وویمن یونیورسٹی صوابی میں مستقل بنیادوں پر تقرریوں پر عائد پابندی ختم کرنے اور نئی ریگولر تقرریوں کیلئے سکروٹنی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ اعلی تعلیمی اداروں سے ہماری نوجوان نسل کا مستقبل وابستہ ہے اور انہیں اعلی تعلیمی اداروں میں مالی و انتظامی بے قاعدگیوں پر بہت دکھ ہوتا ہے۔

 اجلاس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلی تعلیم کامران بنگش اور چیئرمین گورنر انسپکشن ٹیم زکاء اللہ خٹک، قائمقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہورالحق، سیکرٹری اعلی تعلیم محمد داؤد، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرمحمود حسن اور سینٹ کے دیگر متعلقہ اراکین نے بھی شرکت کی۔