گورنر ہائوس کراچی میں جمعہ کی شام  شام ریاست مدینہ اور سیرت خاتمہ النبین ۖ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ حلیم عادل شیخ کی پریس کانفرنس

12

کراچی۔21اکتوبر  (اے پی پی):اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے اعلان کیا ہے کہ عشرہ رحمت العالمینﷺ کی مناسبت سے  جمعہ کو گورنر ہائوس کراچی میں ریاست مدینہ و سیرت خاتم النبین ﷺ کانفرنس منعقد کی جائے گی،کانفرنس میں تمام مکتبہ فکرکے علما کرام، درگاہوں کے گدی نشین سجادہ نشین پیر صاحبان شرکت کریں گے۔ یہ اعلان انہوں نے جمعرات کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر ایم پی اے خرم شیر زمان، پارلیمانی لیڈر بلال غفار، اراکین اسمبلی جمال صدیقی، سعید آفریدی اور شاہنواز جدون کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومتی سطح پر اس ماہ مبارک میں عشرہ رحمتہ اللعالمین ﷺمنایا جارہا ہے، یہ ملک کلمے کی بنیاد پر وجود میں آیا اور وزیراعظم نے رحمتہ اللعالمین اتھارٹی بنانے کا اعلان کیا ہے، کانفرنس سے وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی وڈیو لنک پر خطاب کریں گے جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری تقریب میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس سے علما کرام نبی کریم ﷺ کی سیرت پر شرکا سے خطاب کریں گے، کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، گورنر ہائوس کراچی میں سندھ بھر سے علما اکرام، سجادہ نشین، پیر صاحبان کو مدعو کیا گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے مذید کہا کہ سیرت خاتم النبین ﷺ نصاب میں شامل کیا گیا ہے تاکہ ہماری آنے والی نسل نبی کریم ﷺ کو اپنا رول ماڈل بنا سکے اور اس دنیا آخرت میں سرخرو ہوسکے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان عالم اسلام کے لیڈر ہیں، پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ریاست بنانے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اورابسلیوٹلی ناٹ بھی اسی ایمان کا حصہ ہے۔ پچھلے ادوار میں کسی بھی حکمران کو جرات نہیں تھی وہ حکمران مغرب ممالک سے خوفزدہ تھے لیکن عمران خان عاشق رسول ﷺ ہیں۔  حلیم عادل شیخ نے کہا   کہ مشکل وقت قوموں پر آیا کرتے ہیں ،کرونا کی وجہ سے دنیا میں معاشی بحران پیدا ہوا لیکن جس طرح عمران خان نے ملک کو کرونا جیسی وبا سے نجات دلائی اسی طرح ہم نے برے وقت کو بھی بہتر طریقے سے ہینڈل کیا۔ جلد ملک سے مہنگائی کا خاتمہ ہوگا۔ ملک میں عوام کو ریلیف مہیا کرانے کے لئے ٹارگیٹڈ سبسڈی دینے کی تجویز زیر غور ہے بہت جلد عوام کو مستفید کیا جائے گا۔صدر پی ٹی آئی خرم شیر زمان نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم نے نبی اکرم ۖ ﷺکے لیے بھرپور موقف رکھا اور دنیا بھر میں بھرپور موقف پہنچایا اور یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ عاشق رسول ۖ ﷺہمارے ملک کا وزیراعظم ہے۔ ان کو کبھی ناکامی نہیں ہوگی کامیابی قدم چومے گی۔