گیس کی قلت، سردیوں میں زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 7 روپے فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا

11

 اسلام آباد،5اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کابینہ اجلاس  کے   بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا  کہ گھریلو صارفین کے لئے موسم سرما میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے کابینہ نے گیس کے نرخوں میں نظرثانی کے لئے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کی سفارشات پر نظرثانی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔ ان صارفین کے لئے یہ سہولت بھی موجود ہوگی کہ اگر انہوں نے پچھلے سال کی نسبت یونٹس اس موسم سرما میں زیادہ استعمال کئے تو ان کو اضافی یونٹس کم قیمت پر چارج ہوں گے۔

 انہوں نے بتایا کہ سردیوں میں ہمارے ہاں گیس کم اور بجلی اضافی ہوتی ہے، اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگر وہ تمام صارفین جو بجلی پر شفٹ ہوں گے اور گیس، گیزر اور گیس کے ہیٹر بند کریں گے، ان کو بجلی کے فی یونٹ میں سات روپے تک فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سردیوں میں ہمارے ہاں بجلی کا استعمال کم ہوتا ہے، گیس کی قلت ہوتی ہے، اس وقت گیس کا عالمی بحران چل رہا ہے، اس کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا گیا ہے کہ گیس کے استعمال میں کمی اور بجلی کے استعمال میں اضافہ ہو۔ ایک فارمولے کے تحت سات روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔