فیصل آباد ۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ہفتہ کو گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج آف سائنس سمن آباد فیصل آباد میں ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے ملٹی پرپز ہال کے سنگ بنیاد اور 82 طلبا میں 25 ہزار روپے فی کس کے حساب سے رحمت اللعالمین سکالر شپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 31 دسمبر سے پنجاب بھر میں ہیلتھ کارڈ کی فراہمی، 10 لاکھ تک فری علاج کروایا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبہ میں عوامی فلاح و بہبود کے بہت کام کررہے ہیں جبکہ پنجاب میں 21 نئی یونیورسٹیاں، 8 مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال بھی قائم کئے جارہے ہیں اسی طرح رواں سال دسمبر 2021 کے آخر تک پنجاب کے ہر گھرانے اور تمام آبادی کے پاس صحت انصاف ہیلتھ کارڈ ہوگا جس سے گھرانے کا سربراہ ایک سال میں 10 لاکھ روپے تک اپنا اور اپنے اہل خانہ کا اپنی پسند کے ڈاکٹر اور اپنی پسند کے ہسپتال سے علاج کرواسکے گا۔فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت صحت کا ایک نیا نظام لارہی ہے جس میں ہر شخص کو گھر کی دہلیز پر تمام ممکن علاج معالجہ کی مفت سہولیات دستیاب ہوسکیں گی اور اس کا تمام خرچ حکومت برداشت کرے گی۔