ملتان، 15نومبر(اے پی پی ): صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے احساس سکالر شپ پروگرام کے تحت یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان میں 270طلباءوطالبات میں تقریبا 3 کروڑ روپے مالیت کے چیک تقسیم کئے، ہر طالب علم کو ایک لاکھ سات ہزار 2سوپچاس روپے مالیت کی احساس اسکالر شپ دی گئی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احساس سکالر شپ پروگرام کا مقصد ہونہار طلباءو طالبات کی حوصلہ افزائی ہے تاکہ ان کی تعلیمی سرگرمیاںمزید بہترہو سکیں اور وہ اپنی تکنیکی ضروریات کو پورا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا طلبہ کو سکالر شپ دینے کا مقصد ان کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنا ہے اس کے علاوہ طلبہ تعلیم میں محنت کے ساتھ ساتھ اپنے والدین اور اساتذہ کی فرمانبرداری کریں کیونکہ انکی رہنمائی اور دعاﺅں کی وجہ سے ہی اللہ تعالیٰ نے آج یہ عزت دی ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعجاز نے صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کو یونیورسٹی کی نئی عمارت کی تعمیر کے متعلق بریفننگ دی۔ صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے قلیل مدت میں طلباء کی تعداد بڑھانے، نئے تعلیمی پروگرام لانچ کر نے اور یونیورسٹی کو خود پائیدار فنانشل ماڈل پر گامزن کرنے پر وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عامر اعجاز کی کاوشوں کو سراہا اور مبارک باد دی۔
رجسٹرار یونیورسٹی ڈاکٹر عاصم عمر ، انجینئر ظہیر عباس، انجینئر کاشف،انجینئرکامران عمر،ملک عبدالروف ،چوہدری عباس،راناانیس ٹو ٹو،رانارضوان،سرداراعجازشفی ڈوگر اورراناعمران شمشادسمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی ۔