افغان عوام کی مدد کے لیے خصوصی فنڈ کا قیام، افغانستان کے ساتھ تجارتی ٹیکس ختم ، چوہدری فواد حسین

12

اسلام آباد۔9نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے عوام کی مدد کے لئے کابینہ نے خصوصی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کے عوام براہ راست افغانستان کی مدد کر سکیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر کوششیں جاری رہیں۔ افغانستان میں جس طریقے سے بچوں کو آٹے اور چاول کے لئے فروخت کیا جا رہا ہے، ایسی صورتحال کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان کے اثاثے منجمد ہیں، انہیں جاری نہیں کیا گیا، اس وقت افغانستان میں کسی قسم کی عالمی امداد نہیں دی جا رہی، افغانستان کے عوام اس وقت غربت کی زندگی گذار رہے ہیں، وفاقی کابینہ نے افغانستان کو چاول اور گندم بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ افغانستان کے ساتھ تجارت میں ٹیکسوں کو ختم کر دیا گیا ہے، صرف سیب پر ٹیکس برقرار ہے، چونکہ افغانستان میں سیب موجود نہیں ہے، ایرانی سیب افغانستان کے راستے درآمد کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ دیگر افغانستان سے درآمد ہونے والی دیگر تمام اشیاءپر ٹیکسز ختم کر دیئے گئے ہیں۔