انتخابی فہرستوں کی گھر گھر جاکے تصدیق کیلئے 30 روز کا ٹائم رکھا گیا ہے،جوائنٹ الیکشن کمشنر بلوچستان طاہر منصور خان

21

11نومبر ( کوئٹہ اے پی پی ): جوائنٹ الیکشن کمشنر بلوچستان طاہر منصور خان نے کہا ہے کہ ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی گھر گھر تصدیقی عمل کے ذریعے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے کام کا 7نومبر سے شروع ہوگیا ہے۔ آرٹیکل 219 کے تحت گھر گھر جاکے انتخابی فہرستوں کی تیاری کے مشن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انتخابی فہرستوں کی گھر گھر جاکے تصدیق کیلئے 30 روز کا ٹائم رکھا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا عملہ 7 نومبر سے 6 دسمبر تک ڈورٹو ڈور ووٹرز کی تصدیق کا عمل مکمل کرے گا۔ 7 دسمبر سے 5 جنوری 2022 تک ڈیٹا انٹری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔۔ 7 دسمبر سے 5 جنوری 2022 تک ڈیٹا انٹری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ اس ضمن میں بلوچستان کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے تصدیقی عملے سے تعاون کریں اور اپنے ووٹ کا انداراج کروائیں تاکہ کوئی بھی اہل شہری اپنے ووٹ کے حق سے محروم نہ رہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن کے دیگر آفسران بھی موجود تھے ،جوائنٹ الیکشن کمشنر بلوچستان طاہر منصور خان نے کہا کہ 6 جنوری سے 25 جنوری 2022 تک ابتدائی انتخابی فہرستوں کی چھپائی ہوگی۔ 26 جنوری سے ابتدائی الیکشن فہرستیں ڈسپلے سینٹرز پر آویزاں ہونگی۔ جوائنٹ الیکشن کمشنر نے بتایا کہ 24 فروری تک فہرستوں پر ووٹ درستگی کے بارے میں درخواستیں جمع کروائی جاسکیں گی۔ 11 مارچ تک فہرستوں پر اعتراضات کے حوالے سے Revising اتھارٹی اپنے فیصلوں سے آگاہ کرے گی ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے حوالے سے عملے کی تفصیلات بلوچستان کے 34 اضلاع میں اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز کی تعداد 278 ریوائیزنگ اتھارٹیز کی تعداد 97 ، سپر وائزر 831 عملہ تصدیق کنندگان 3275 جبکہ بلوچستان میں 1473 ڈسپلے سینٹرز اور 1473 ہی ڈسپلے سینٹر انچارج تعینات کیئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ، محکمہ تعلیم کے عملے کے توسط سے 30 یوم میں گھر گھر جاکر انتخابی فہرستوں کے انداراج اور نظرثانی کے عمل کو مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرلسٹوں کے حوالے سے عوام میں شعور اور آگاہی کے حوالے سے میڈیا میں تشہیر اور دیگر طریقوں سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن کا مقصد لوگوں میں شعور اجاگرکرناہے تاکہ کوئی بھی شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم نہ رہے۔ 7 دسمبر 2021 کو قومی ووٹرڈے منایاجائے گا جس کا مقصد شہریوں میں شعور اجاگر کرنا کہ وہ انتخابی عمل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں ۔ چیف الیکشن کمشنر آ ف پاکستان کا پیغام ہے کہ انتخابی فہرستوں میں نظرثانی کی انجام دہی میں تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انتخابی فہرستوں کے کام کو مکمل کیا جائے شفاف اور غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستوں کی تیاری کی جائیں اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ انتخابی فہرستوں کی نظرثانی سے متعلق تمام عوامل اور مراحل الیکشن کمیشن کی جاری کردہ ٹائم لائن کے مطابق مقررہ وقت پر پایہ تکمیل پہنچایا جائے۔ جوائنٹ الیکشن کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ فہرستوں کی تیاری میں الیکشن عملہ سے تعاون کریں۔ شفاف انتخابات میں غلطیوں سے پاک الیکشن لسٹوں کا کلیدی کردار ہے۔ الیکشن کمیشن کا مشن ہے کہ ووٹر لسٹ میں اندراج سے کوئی بھی شہری محروم نہ رہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کا کام شفاف طریقے سے مکمل کرنا ترجیح ہے۔