بٹگرام؛ وزیراعلیٰ محمود خان کا الائی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل الائی کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان

18

بٹگرام، 25 نومبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا   محمود خان   نے الائی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل الائی کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان   کیا ہے ۔ اُنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سخت حالات کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں میں عوام کی کثیر تعدا میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور وزیراعظم عمران خان قوم کی اُمیدوں کا مرکز ہیں۔ روز بروز پی ٹی آئی کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے دیگر سیاسی جماعتیں خائف ہیں ۔ اُنہوں نے کہاکہ گزشتہ 70 سالوں میں نالائق حکمرانوں نے ملک کو اس نہج پر پہنچایا کہ عوام قرضوں کی دلدل میں پھنس گئے ہیں ۔سابق حکمرانوں نے ملک کو بیرونی قرضوں میں ڈبویا اور اُنہوں نے ہماری آنے والی نسلوں کو بھی مقروض بنایا ۔سابق دو ادوارمیں 23 ہزار ارب روپے کے بیرونی قرضے لئے گئے جو عوام پر خرچ ہونے کی بجائے حکمرانوں کی جیبوں میں گئے ۔

  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا   محمود خان   نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے عوام کا پیسہ لوٹ کر بیرونی ممالک جائیدادیں بنائیں ، گزشتہ ادوار میں ایک کلومیٹر موٹروے کی تعمیر پر 20 کروڑ روپے ہڑپ کئے جاتے تھے ۔ان  کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سابق ادوار کے قرضے واپس کرنے میں لگی ہوئی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو بیرونی قرضوں کے شکنجے سے نجات دلا کر رہیں گے ۔ اُنہوں نے کہاکہ وہ آنے والی نسلوں کیلئے ایک بہتر اور مضبوط پاکستان چھوڑ کر جائیں گے ۔ عمران خان اپنی کرسی یا آنے والے انتخابات کا نہیں سوچتے بلکہ اُن کی سوچ کا محور صرف اور صرف ملک کی ترقی اور آنے والی نسلوں کی بہتری ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ سخت حالات میں عوام کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور موجودہ حکومت اس سلسلے میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور ان کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے متعدد پروگرام شروع کئے ہیں جن میں صحت کارڈ پلس اور کسان کارڈ سر فہرست ہیں ۔علاوہ ازیں متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ذہین طلبہ کو تعلیمی اخراجات کی مد میں مالی معاونت فراہم کرنے کیلئے ایجوکیشن کارڈ کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے جس کا بہت جلد اجراءکیا جائے گا ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے نیا پاکستان کارڈ کا بھی جلد اجراءکیا جائے گاجس سے عوام کو بھر پور ریلیف ملے گا ۔احساس پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کو اشیائے خوردو نوش پر سبسڈی دینے کیلئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جبکہ صوبائی حکومت اس پروگرام کیلئے ساڑھے 13 ارب روپے فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت 6 ارب روپے کی لاگت سے سرکاری سکولوں میں نیا فرنیچر فراہم کر رہی ہے اور ان سکولوں میں طلبہ اب ٹا ٹ پر نہیں بیٹھیں گے بلکہ وہ ٹھاٹھ سے بیٹھیں گے ۔ دورافتادہ علاقوں کے سکولوں میں مقامی اساتذہ کی بھرتی کیلئے پالیسی بنائی جارہی ہے ۔اس کے علاوہ صوبے کے آئمہ مساجد کو عنقریب ماہانہ وظائف کی فراہمی کا اجراءبھی کیا جائے گا جبکہ مدارس کے طلبہ کیلئے سکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت صوبے کے مدارس میں پڑھنے والے طلبہ کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی ۔

وزیراعلیٰ محمود خان   کا کہنا تھا کہ عوام سے کئے ہوئے وعدے ایک ایک کرکے پورے کئے جارہے ہیں اور عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کیا جارہا ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ وہ وعدہ کرتے ہیں کہ سرکاری خزانے کی ایک ایک پائی عوام پر خرچ ہو گی اور کسی کو بھی عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ اُنہوں نے کہاکہ احتساب اور خود احتسابی پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ کرپشن کا خاتمہ موجودہ حکومت کی ترجیحات کا ایک اہم ترین جز ہے اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے عوام حکومت کا ساتھ دیں۔

 اُنہوں نے کہاکہ سرکاری منصوبوں میں عوام ناقصکاموں کی نشاندہی کریں اور حکومت ان کے خلاف کاروائی کرے گی ۔ اُنہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت کو عوام کے مسائل کا بھر پور ادراک ہے اور ان کے حل کیلئے دور رس اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبے کے مختلف اضلاع کے دوروں کا مقصد عوام کے مسائل جاننا اور اُنہیں حل کرنا ہے ۔ملاکنڈ اور ہزار ڈویژن کو عوام کی مشاورت سے دو، دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں اور انتظامی معاملات میں مزید بہتری آئے ۔

 رکن قومی اسمبلی محمد نواز، رکن صوبائی اسمبلی زبیر خان ، چیف آف الائی نوابزادہ اکبر ناموس اور دیگر نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی تاج محمد ترند بھی اس موقع پر موجود تھے ۔