مری،17 نومبر(اے پی پی): تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری میں شوگر ( ذیابیطس) کے عالمی دن کے موقع پر واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں میڈیکل سپرنٹینڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری ڈاکٹر عبدالسلام عباسی ڈپٹی میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر شازینہ جون میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر واثق عباسی ڈاکٹر حیدر ،ڈاکٹر سحر ، ہسپتال کی نرسز ،پیرا میڈیکل سٹاف معاون سٹاف اور عملہ صفائی کے علاؤہ مریضوں اور انکے تیمارداروں نے بھی شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب میں ڈاکٹر واثق عباسی نے شرکا ءکو بتایا کہ شوگر کے مریض اپنی ادویات پابندی سے کھائیں اور روانہ واک اور ورزش کی پابندی کریں اور معمول کے مطابق اپنا معائنہ اپنے معالج سے ضرور کروائیں۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹینڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری ڈاکٹر عبدالسلام عباسی نے شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں تقریباً ہر گھر میں شوگر کا ایک یا ایک سے زائد مریض موجود ہے۔ہمیں چاہئے کہ ہم سادہ غذا استعمال کریں ،چینی چاول ،بیکری کی بنی تمام اشیاء اور کولڈ ڈرنکس سے پرہیز کر کے ہم اپنے آپ کو اور اپنی آنے والی نسلوں کو شوگر جیسی موذی بیماری سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔