توانائی شعبے میں مثالی کام پر آئی ایم ایف ٹیم معترف، بجلی کی بنیادی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیاجائیگا،وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر

41

اسلام آباد۔22نومبر  (اے پی پی): وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے  پیر کو یہاں  چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق  اور وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں  کہا کہ توانائی کے حوالہ سے جو امور طے ہوئے ہیں اس میں پیشگی اقدامات ہم نے پہلے سے کئے ہیں، چند ماہ بعد ہم ٹیرف کو معقول بنائیں گے لیکن اس کی شرح بہت کم ہو گی، سیزنل پیکیج کے تحت 12.96 روپے فی یونٹ کی قیمت برقرار رہے گی، اسی طرح صنعتوں کیلئے بھی ٹیرف میں کوئی کمی بیشی نہیں ہو گی۔ حماد اظہر نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے ہماری تعریف کی ہے، گردشی قرضہ میں اضافہ نہ ہونے کو بھی سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بین الاقوامی مارکیٹ میں 20 سے لے کر 30 سالوں کی مدت تک بلند ترین قیمتیں ہیں اس مشکل حالات میں بھی ہمارے کافی سارے معاملات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پانے سے استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں میں 200 یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے، دیگر صارفین کیلئے 1.68 روپے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپسٹی ادائیگیاں گذشتہ حکومت کے معاہدوں کے تحت ہو رہی ہیں، ریکوریوں میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبہ میں ترسیلی لائنوں کی بہتری پر 111 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جس سے بجلی کے شعبہ میں مزید بہتری آئے گی۔