حضرت بہاؤ الدین زکریا نے اپنا پڑاؤ مندر کے ساتھ کیا اور ہمیں بین المذاھب ہم آہنگی کا درس دیا ،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

53

اسلام آباد۔24نومبر  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف مذاہب، ثقافتوں اور تہذیبوں کے درمیان امن وآشتی اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنی تمام کوششیں بروئے کار لانے کے لئے پرعزم ہے۔ مغرب اظہار رائے کی آزادی کے غلط استعمال کی حوصلہ افزائی نہ کرے،اسلام امن کا دین ہے جو تشدد وانتہائ پسندی کو قبول نہیں کرتا۔مختلف تہذیبوں کے گہوارے کے طور پر پاکستان،مختلف ثقافتوں کا ایک حسین امتزاج ہے۔وہ بدھ کو یہاں عالمی بین المذاہب امن کانفرنس سے خطاب  کر رہے تھے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ انتہا پسندی، بالادست نظریات، تنازعات اور دیرینہ جھگڑوں سے  تقسیم درتقسیم کا شکار آج کی دنیا میں بین المذاہب ہم آہنگی نے نہایت کلیدی اہمیت اور خاص حیثیت حاصل کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ شرانگیز پراپیگنڈے کے باوجود دنیا میں یہ احساس بڑھ رہا ہے کہ اسلام امن کا دین ہے جو تشدد وانتہاء پسندی کو قبول نہیں کرتا اور نہ ہی اس کے فروغ یا حوصلہ افزائی کی ترغیب دیتا ہے۔ اسلام نسلی برتری کے نظریات اور رنگ ونسل کی بنیاد پر امتیازات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔  وزیر خارجہ نے کہا کہ تہذیبوں کے درمیان حقیقی مکالمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی آج ہمیں جس قدر ضرورت ہے، شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تحمل وبرداشت، ہم آہنگی اور اقلیتوں کی ثقافت واقدار کے احترام کی شاندار روایات کا امین ہے۔ ہمارے قومی پرچم میں موجود سبز اور سفید رنگ بین المذاہب ہم آہنگی کی روح کی عکاسی کرتا ہے اور ہمارے آئین میں ضمانت کے طورپر درج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صوفیاءکرام کی دھرتی ہے جنہوں نے،انسانیت کے احترام، رحم دلی، ہمدردی اور بھائی چارے کا پیغام ہر سو پھیلایا۔ مختلف تہذیبوں کے گہوارے کے طور پر پاکستان،مختلف ثقافتوں کا ایک حسین امتزاج ہے۔