اسلام آباد، 19نومبر(اے پی پی):پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹرنوشین حامد نے کہاکہ غیرمواصلاتی امراض پرقابو پاناوقت کی اہم ضرورت ہے،عوامی مسائل کوسامنے لانے میں پناہ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں،حکومت پرائمری ہیلتھ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،تاکہ صحت سے جڑے مسائل پرقابوپایاجاسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ)اورہیلتھ سروسز اکیڈمی (ایچ ایس اے) کے مابین مفاہمتی معاہدہ کی تقریب سے خطاب میں کیا۔معاہدہ کامقصدصحت،تعلیم، تربیت، تحقیق، پالیسی،تجاویز اور علم کی منتقلی میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیناہے تاکہ عوامی خدمات کانہ ٹوٹنے والا تسلسل برقرا ررہ سکے۔ معاہدہ کی یاداشت پرپناہ کے صدر میجرجنرل (ر) مسعودالرحمن کیانی اوروائس چانسلرہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹرشہزاد علی خان نے دستخط کیے۔
پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے صدر میجرجنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی نے کہاکہ ہیلتھ سروسز اکیڈیمی تحقیق کے میدان میں مسلسل اپنی خدمات سرانجام دے رہاہے،جس میں وائس چانسلر شہزاد احمد خان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،معاہدہ کامقصد حفظان صحت کواہمیت دے کرخدمت خلق سرانجام دیناہے۔
وائس چانسلرہیلتھ سروسز اکیڈمی ڈاکٹرشہزاد علی خان نے کہاکہ کوئی بھی معاشرہ صحت وتعلیم کی سہولیات کے بناترقی نہیں کرسکتا،دونوں تنظیموں کے اغراض ومقاصد میں کافی حد تک مماثلت پائی جاتی ہے،یہی وجہ ہے کہ دونوں ادارہ جات ایک پلیٹ فارم پراکھٹے ہوکرعوامی خدمات سرانجام دینے کے خواہاں ہیں،ہماری کوشش ہوگی کہ مستقبل میں پہلے سے بہترانداز میں صحت سے جڑے مسائل اوران کے حل کیلئے جامع پالیسی تشکیل دیتے ہوئے انھیں عوام کے لئے کارآمدبنایاجائے۔
ینگ پارلیمنٹرین فورم کی جنرل سیکریٹری عظمیٰ ریاض جدون نے کہاکہ پناہ کی خدمات گراں قدر ہیں،ہمیں خوشی ہے کہ پناہ صحت سے جڑے مسائل کی تکمیل کے لئے گزشتہ 37سال سے سرگرم عمل ہے،ان کی جدوجہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔
چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ افشاں تحسین باجوہ نے کہاکہ پناہ ایک پرعزم تنظیم ہے،جس نے مجھے خاصہ متاثر کیا،ان کی یہی جدوجہد ہمیں ان سب کے ساتھ مل کرچلنے پررضامند کرتی ہے،لاء ریفارمز اورریسریچ پالیسی پرپناہ کی کارکردگی بے مثال ہے۔