اسلام آباد،27نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ دارالحکومت کے دیہی علاقوں کی ترقی ہمارے منشور کا بنیادی حصہ ہے،ترقیاتی منصوبوں پر کام اس لیے ممکن ہوا کیونکہ ہماری حکومت میں کرپشن نہیں ہو رہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈبلیو ڈی انٹر چینج کے افتتاح کے موقع پرویڈیو لنک کے ذریعے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ حکومت عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو شہری علاقوں کے برابر لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گریڈ 1 سے 15 تک وفاقی ملازمتوں میں اسلام آباد کے مقامی لوگوں کے 50 فیصد کوٹے کو یقینی بنایا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ماسٹر پلان کمیشن تشکیل دیا ہے جو سہولتوں کے معاملے میں اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں میں فرق ختم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے میئر کے ماتحت ہو گا جبکہ سی ڈی اے واحد ریگولیٹری باڈی کے طور پر کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن اگلے سال جون تک اپنا منصوبہ مکمل کر لے گا اور لوگ وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی منصوبوں کا مشاہدہ کریں گے۔