چکوال ، یکم نومبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تاریخی اقدام کے تحت ماہانہ خدمت سروسز کے انعقاد سے ریونیو سے متعلق عوامی مسائل ایک ہی چھت کے نیچے مربوط انداز میں حل ہو رہے ہیں اور حکومتِ پنجاب کے احکامات پر عوام الناس کو مزید سہولت دینے کیلئے ماہانہ ریونیو عوامی خدمت سروسز کا انعقاد ہر ماہ کے پہلے دو روز کیا جا رہا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے سی آفس میں منعقدہ ماہانہ ریونیو عوامی خدمت سروسز میں عوامی مسائل سننے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے موصولہ عوامی مسائل کے بلا تاخیر حل کے لئے ریونیو ایڈمنسٹریشن کے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں ۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت سروسز کے انعقاد کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں اور اس مؤثر فورم پر عوامی مسائل حکومتی اقدام کی اصل روح کے مطابق حل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی ہیڈکوارٹرز اور تمام تحصیلوں میں ہر ماہ کے پہلے دو روز منعقد کی جانے والی ریونیو عوامی خدمت سروسز عوام کے لئے فوری ریلیف کا مؤثر فورم ہے اور موصول ہونے والے عوامی مسائل کا حل موقع پر موجود انتظامی افسران کی موجودگی میں یقینی بنایا جاتا ہے ۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت سروسز میں خواتین سائلین کے مسائل ترجیحی بنیاد پر سنے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہرماہ ریونیو عوامی خدمت سروسز کے انعقاد سے قبل گزشتہ ماہ کے موصولہ عوامی مسائل کے حل کے لئے ریونیو ایڈمنسٹریشن کی طرف سے کی گئی کارروائی کا جائزہ لیا جاتا ہے اور اس حکمت عملی کی بدولت عوامی مسائل کے حل میں خاطر خواہ تیزی آئی ہے۔
اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو عمران بشیر ،اے سی چکوال اور ریونیو افسران بھی موجود تھے۔