سڑکیں معاشی ترقی اور امن کے قیام میں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں، صوبائی حکومت صوبہ میں روڈ نیٹ ورک کو تو سیع دے گی؛وزیر اعلیٰ بلوچستان

32

تربت، 29نومبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سڑکیں معاشی ترقی اور امن کے قیام میں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں، صوبائی حکومت صوبہ میں روڈ نیٹ ورک کو تو سیع دے گی، مکران میں قومی شاہراہوں کے وفاقی اور صوبا ئی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا جن سے گوادر بندرگاہ ملک کے دیگر حصوں سے منسلک ہوگی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکران میں وفاقی و صوبا ئی پی ایس ڈی پی اور جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج میں شامل شاہراہوں کے منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلی ٰسطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 چیف انجینئر سی اینڈ ڈبلیو نےاجلاس کو مکران ڈویژن میں جنوبی بلوچستان پیکیج اور وفاقی و صوبائی پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصو بوں کی پیش رفت اور مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاقی منصوبوں اور جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج کے تحت شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبوں کے لیےفنڈز کے بروقت اجراءکے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کرنے سے اتفاق کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاہراہوں کی تعمیر امن و ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے،صوبائی حکومت صوبائی پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کے لیے مطلوبہ فنڈز فراہم کریگی۔

 وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نے این ایچ اے کی زیر تعمیر شاہراہوں اور وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل سڑکوں کے فنڈز کے بروقت اجراءکی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کی تعمیر سے گوادر بندرگاہ ملک اور صوبے کے دیگر حصوں سے منسلک ہو جائے گی۔

 اجلاس میں این ایچ اے اور صوبائی محکمہ مواصلات کے درمیان مربوط روابط کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ ترقیاتی محکموں کو شاہراہوں کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور نئے منصوبوں پر فوری کام کے آغاز کی ہدایت کی گئی۔

 اجلاس میں مکران کے توانائی کے منصوبوں کی پیش رفت اور بجلی کے مسائل کا جائزہ بھی لیا گیا۔ کیسکو چیف نے اجلاس کو مکران ڈویژن میں بجلی کے حوالے سے آگاہ کیا -اجلاس میں بلنگور اور دور دراز کے دیگر علاقوں میں بی او ٹی کی بنیاد پر شمسی توانائی کے منصوبے شروع کرنے کے ساتھ ساتھ جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج کے تحت 28000 ملین روپے کی لاگت سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ موڈ پر شمسی توانائی کے آف گرڈ سلو شن منصوبوں کے فوری آغاز کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو سہولتیں ملیں گی تو انکا اداروں پر اعتماد پیدا ہو گا، بجلی نہ ہونے سے پانی بھی کامیاب ہو جاتا ہے اور لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ اجلاس میں محکمہ توانائی کو مکران کی بجلی کے مسائل کے فوری اور موثر حل کے لیے کیسکو حکام کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔