سکھر،10 نومبر (اے پی پی): پاکستان ریلوے سکھر ڈویڑن نے ٹرین آپریشن کو محفوظ سے محفوظ تر بنانے کے لیے عملی طور پر اقدامات کا سلسلہ شروع کردیاہے اور اس سلسلے میں پہلے مرحلے کے طور پر ریلوے کے مختلف شعبہ جات کے افسران اور عملے کو تربیت دینے کے عمل کا آغاز کیا ہے۔ اس تربیت سے ٹریفک، سگنلز ، سول اور میکنیکل سمیت تمام شعبہ جات کو ایک دوسرے کے کام اور کارکردگی سے متعلق آگاہی حاصل ہوگی۔اس سلسلے میں ڈی ایس ریلوے سکھر شعیب عادل کی نگرانی میں روہڑی ریلوے اسٹیشن پر تربیتی سیشن اور فیلڈ ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔
تربیتی نشست اور فیلڈ ٹریننگ کے دوران مکینیکل برانچ کے افسران و عملے نے اپنے شعبے کے کام جس میں بوگیوں اور پہیوں کے درمیان حصوں کے بارے بتایا اور ان میں پائے جانے والےنقائص کی نشاندہی کرنے کے بارے میں آگاہی دی،اسی طر ح سول انجینئرنگ برانچ کے عملے نے ٹریک کے تمام پیرا میٹرز کو چیک کرنے کے طریقے اور نقائص ،سگنل برانچ کے عملے اورافسران نے سنگلنگ سسٹم اور کانٹوں کے طریقہ کار اور پیرامیٹرز کے بارے میں شرکاءکو آگاہی دی ۔
اس موقع پر ڈی ایس ریلوے سکھر شعیب عادل نے عملے اور افسران سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے اپنے ٹرین آپریشن کو محفوظ سے محفوظ تر بنانے کے لیے کوشاں ہے اور ہم سکھر ڈویڑن میں اس سلسلے میں بھرپور اقدامات کررہے ہیں اور یہ تربیتی ورکشاپ اور فیلڈ ٹریننگ اس کا ایک حصہ ہے۔اس ٹریننگ کا مقصد ریلوے کے تمام شعبہ جات کو ایک دوسرے کے کام اور کارکردگی کے بارے میں آگاہی دی جارہی ہے تاکہ وہ بہتر انداز میں کام کرسکیں جبکہ اس سے ریلوے کو یہ فائدہ بھی ہوگا کہ کسی بھی ممکنہ حادثے کی صورت میں تمام شعبہ جات مل کر اس کی اصل وجوہات کا پتہ لگائیں گے اور یہ ٹریننگ ملک کی تاریخ میں پہلی بار صرف سکھر ڈویژن میں کرائی جارہی ہے جو اب ہرماہ ہوگی۔
اس موقع پر شعیب عادل کے علاوہ آصف اقبال ہیومن ریسورس اسپیشلسٹ، ڈپٹی ڈویزنل سپریٹینڈنٹ محمد ثقلین،رضوان جاوید چیمہ، ڈویزنل کمرشل افیسر حمید اللہ لاشاری،ڈویزنل ٹرانسپورٹیشن افیسر سجاد احمد واگھو،ڈویڑنل ٹیلیکام انجینئر ندیم خٹک، ڈی ای این ثنا اللہ و عمران سعید، اے ایم ای عبدالعزیز، اسسٹنٹ کمرشل/ٹرانسپورٹیشن افیسرز رشد مہیسر،سلمان خالد اور دیگر افسران موجود تھے۔