سکھر،18نومبر (اے پی پی ): میونسپل کارپوریشن ،ضلع کونسل و دیگربلدیاتی اداروں کے سینکڑوں ملازمین کا تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج، پریس کلب کے سامنے مظاہرہ و دھرنا دے دیا،سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
سکھر میونسپل کارپوریشن ،ضلع کونسل سکھر سمیت دیگر بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی تنظیم آل لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی ،حکومتی وعدے کے باوجود تنخواہیں آن لائن نہ کرنے اور دیگر مطالبات کی حمایت میں سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں ملازمین نے شرکت کی۔
اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دن رات کام کررہے ہیں مگر اس کے باوجود تنخواہیں نہیں دی جارہی ہیں، حکومت سندھ نے وعدہ کیا تھا کہ سندھ بھر میں بلدیاتی ملازمین کی تنخواہیں آن لائن کی جائیں گی مگر اس وعدے پر ابتک عمل نہیں ہوسکا، ملازمین آج بھی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے خزانہ آفس کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے مطالبات کو سندھ حکومت اور انتظامیہ نے یکسر نظر انداز کردیاہے جس سے سندھ بھر میں ملازمین پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر حکومت سندھ اور بلدیاتی اداروں کی انتظامیہ نے ہمارے مطالبات کو تسلیم نہ کیا تو بلدیاتی اداروں کے ملازمین بشمول عملہ صفائی غیر معینہ مدت تک ہڑتال کردیں گے، جس کے بعد حالات کی ذمہ داری سندھ حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔