لاہور، 22 نومبر ( اےپی پی): سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کی 552 ویں جنم دن پر کرتارپور راہداری کھول دی گئ۔ بابا گرو نانک کا جنم دن 19 نومبر کو منایا جا رہا ہے ۔انڈیا اور پاکستان کے درمیان کرتار پور رہداری کھلنے کے بعد انڈیا سے سکھ یاتریوں کا پہلا قافلہ پاکستان میں گردوارہ دربار صاحب پہنچ گیا ہے۔ اس قافلے میں 50 یاتری شامل ہیں۔انڈیا میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے ایک ویڈیو ٹویٹ کی گئی جس میں پاکستان کی جانب سے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا گیا ہے۔نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستان میں 17 سے 26 نومبر تک گرو نانک کے 552ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کے لیے تقریباً 3 ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیے ہیں۔کرتارپور رہداری کو 20 مہینوں کے بعد کھولا گیا ہے جسے کورونا وائرس کی وباء کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔یہ چار عشاریہ سات کلومیٹر طویل رہداری ہے جس کے ذریعے سکھ یاتری انڈیا کے علاقے گرداس پور میں ڈیرہ بابا نانک سے بغیر ویزے کے گردوارہ دربار صاحب آ سکتے ہیں۔سکھوں اور پنجاب کی کئی دوسری برادریوں کے لیے گردوارہ دربار صاحب مذہبی لحاظ سے بہت اہم ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں بابا گرو نانک نے اپنی زندگی کے آخری 18 سال گزارے تھے۔کرتارپور راہداری کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق اس راستے سے روزانہ بھارت سے 5 ہزار سکھ یاتریوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے کرتار پور راہداری کھولنے کے فیصلے کو خوش آئیند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایسا ہی دوستانہ ماحول پیدا کرے۔کرتار پور راہداری کا کھلنا ایک اچھی پیش رفت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کے پیش نظر صرف 3ماہ کے لیےکرتار پور راہداری کو بند کیا تھا لیکن ہندوستان نے گزشتہ 20 ماہ سے کرتار پور راہداری پر قدغن لگا رکھی تھی۔ ہندوستان اور پوری دنیا میں مقیم سکھ برادری کی جانب سے بی جے پی کی حکومت پر راہداری کھولنے کیلئے بے پناہ دباؤ تھا بالآخر ہندوستان نے ان کے مطالبے کو تسلیم کیا ہے۔بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے اعلان کیا تھا کہ جمعے کو باباگرونانک کے جنم دن کے موقع کی مناسبت ہونے والی تقریبات کے پیش نظر کرتارپور راہداری بدھ سے کھول دی جائےگی۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ‘اہم فیصلے سے بڑی تعداد میں سکھ یاتری مستفید ہوں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کرتارپور صاحب راہداری کل سے کھول دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ کرتارپور صاحب راہداری کھولنے کے حکومتی فیصلے سے ملک بھر میں مزید خوشیاں اور جشن ہوگا۔