ضلعی انتظامیہ ٹریفک حادثات سے بچائو کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے؛ڈی سی اٹک

94

اٹک،24 نومبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر  عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ٹریفک حادثات سے بچائو کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اٹهارٹی آفس اٹک میں ٹریکٹر ٹرالی ، موٹرسائیکل، رکشہ وغیرہ کے پیچهے ریفلیکٹر لگانے کی تقریب کے موقع پر کیا۔ ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلع کے سرکاری اور عوامی معاملات کا جائزہ لینے کے لیے چند ماہ پہلے ڈی سی آفس میں گڈ گورننس سیل کا قیام عمل میں لایا گیا،جہاں یہ امر سامنے آیا  کہ اگست سے لیکر نومبر تک 779 حادثات ہو چکے ہیں جن میں اکثریت ایسے حادثات کی ہے جن میں گاڑیوں کے پیچهے لائٹس موجود نہ تهی، ان میں ٹریکٹر ٹرالیز، رکشہ، موٹرسائیکل وغیرہ شامل ہیں، اس سلسلے میں آج باقاعدہ ایسی گاڑیوں کے پیچهے ریفلیکٹرز لگانے کی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے اور یہ مہم مستقبل میں جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریفلیکٹرز بغیر کسی قیمت کے لگائے جائیں گے، بہت  جلد سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ کے تحت ایسی گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی کہ جن کے پیچهے ریفلیکٹرز موجود نہیں ہونگے۔

ڈی سی اٹک نے اس موقع پر کمرشل ٹرانسپورٹ کے مالکان سے اپیل کی کہ وہ یہ سٹیکرز اپنی گاڑیوں کے پیچهے لگائیں اور حادثات سے ہر ممکن حد تک انسانی جانوں کو محفوظ بنانے کی کوشش کریں۔

مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع میں سڑکوں کی بحالی اور مرمت ،پبلک ٹرانسپورٹ میں کرایہ نامے کا آویزاں کرنا، بس اڈوں کی مجموعی صفائی اور پارکنگ سمیت دیگر مسائل حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔