عالمی دنیا خصوصاً امریکہ سے کہتا ہوں کہ این جی اوز کے  ذریعے پاکستان  کو  بدنام  کرنا بند کیا  جائے؛ طاہر محمود اشرفی

38

لاہور، 20 نومبر (اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ  پاکستان میں مذہبی آزادی پر امریکی تشویش پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے مسترد کرتے ہیں، عالمی دنیا خصوصاً امریکہ سے کہتا ہوں کہ این جی اوز کے  ذریعے پاکستان  کو  بدنام  کرنا بند کیا  جائے۔

ان  خیالات کا  اظہار انہوں  نے   ہفتہ  کو  یہاں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ  عالمی دنیا بالخصوص امریکہ سے کہتا ہوں کہ این جی اوز مفروضوں یا مخصوص ایجنڈوں پر جو رپورٹیں بناتی ہیں ان پر آنکھیں بند کر کے یقین نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود تحقیق کی کہ اگر ایک ہزار بچیوں کی جبراً مذہب تبدیل کرکے شادیاں کی گئی ہیں تو اسکی تفصیلات ملیں لیکن مجھے نہیں ملیں، دوسری طرف بھارت میں چار پانچ مساجد اور چرچ پر حملے ہو رہے ہیں اور انہیں عبادت کی اجازت نہیں دی جارہی مگر عالمی دنیا اس پر خاموش ہے، جعلی رپورٹ تیار کرنے والوں نے ایسا کرنے سے پہلے کوئی رابطہ نہیں کیا اور محض مفروضوں کی بنیاد پر چند افراد و اداروں نے رپورٹ بنائی جس کا مقصد پاکستان و اسلام کو نشانہ بناناہے، یورپ و برطانیہ کے پاس مصنوعی شواہد پہنچ جاتے ہیں مگر پاکستان میں کوئی چیز سامنے نہیں لائے جاتی۔