اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق فخر امام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں بحرانی کیفیت کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھی کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خوراک کی قیمتیں دس سال کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ اسی طرح دنیا بھر میں توانائی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش میں غربت کی شرح بھی زیادہ ہے، وہاں پر تیل کی قیمتیں پاکستان کے مقابلہ میں 50 روپے سے 60 روپے زائد ہیں جبکہ وہاں اپوزیشن بھی تنقید کر رہی ہے کہ پاکستان نے تیل پر ٹیکسوں کی شرح کم کر کے عوام کو ریلیف دیا ہے، وہ ریلیف کیوں نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے احساس پروگرام کا اعلان کیا، 31 ہزار روپے ماہانہ کمانے والے ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو آٹا، دال اور گھی پر 30 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں 27 فیصد اضافہ ہوا ہے، ہم نے 31 ہزار روپے سے کم کمانے والوں کو 30 فیصد سبسڈی دی ہے۔