اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اسلام اور نبی کریمﷺ کے نام پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، اسلام ہمیں امن کا درس دیتا ہے، بین المذاہب ہم آہنگی پرامن دنیا کے لئے ناگزیر ہے، نبی کریمﷺ رحمت العالمین ہیں، وزیراعظم عمران خان سچے عاشق رسولﷺ ہیں، حکومت نے اسلامو فوبیا کے حوالے سے عالمی سطح پر آواز بلند کی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں بین الاقوامی بین المذاہب امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ اسلام تلوار سے پھیلا، صوفیا کرام نےہمیں اسلام کے عظیم مذہب سے ہمیں روشناس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں امن کا درس دیتا ہے، بین المذاہب ہم آہنگی پرامن دنیا کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ہر چیز کو مسخ کر کے پیش کیا جاتا ہے، ہمارے ہاں بھی ایسے مسائل موجود ہیں، اسلام اور نبی کریمﷺ کے نام پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اس سے بڑا ظلم کوئی نہیں ہو سکتا کہ سرکار دو عالمﷺ کے نام کو چھوٹے چھوٹے ذاتی مفادات کے لئے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر شدت پسندی کو مسترد کرنا ہمارا فرض ہے، اس ضمن میں علما کرام کو قومی سطح پر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، بیرونی عوامل پر بات کرنا حکومت کا کام ہے۔ انہوں نے بین المذاہب امن کانفرنس کے انعقاد پر وزارت مذہبی امور اور دیگر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔











