اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو یہاں کامیاب جوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے غریب عوام کے لیے کامیاب جوان پروگرام، سود کے بغیر قرضہ کی فراہمی، ہیلتھ انشورنس جیسے پروگرام لائے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 40 لاکھ خاندانوں کو بلاسود قرضے دیں گے، گھروں کی تعمیر کیلئے پہلی مرتبہ ملک میں بلاسود قرضے کی سہولت دی جا رہی ہے، سب سے زیادہ فخر اس بات پر ہے کہ لوگوں کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت مل رہی ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں ہر شہری کو یہ سہولت دی جائے گی، پنجاب میں جنوری سے ہیلتھ انشورنس کی سہولت شروع ہو جائے گی جس کے تحت لوگ 7 سے 10 لاکھ روپے تک کا علاج کسی بھی ہسپتال سے مفت کروا سکیں گے۔











