ملتان، 18 نومبر(اے پی پی): فوکل پرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو آصفہ سلیم ملک نے الیکٹرانکس ووٹنگ مشین پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کل ہماری قومی اسمبلی میں ای وی ایم سے متعلق جو قانون پاس ہوا ہے اس کے لئے یہ قوم مبارکباد کی مستحق ہے، میں اس قوم کو، وزیر اعظم کو اور خصوصی ہمارے جو اوورسیز پاکستانیز ہیں ان کو بہت بہت مبارکباد پیش کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز اس ملک کا ایک مضبوط ستون ہیں ،جو اس ملک کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن یہ آج تک ووٹ دینے کا حق استعمال نہیں کر سکتے تھے ، وزیر اعظم نے وعدہ کیا تھا، ان کے منشور کا حصہ تھا ، ان کی خواہش تھی کہ ہم اپنے اوورسیز پاکستانیز کو یہ حق دیں اور کل وہ تاریخ ساز دن تھا کہ ہم اس میں کامیاب ہوئے۔
آصفہ سلیم ملک نے کہا کہ اس قانون کو پاس کروانے میں وزیر اعظم ، اعلیٰ قیادت اور ملتان سے شاہ محمود قریشی، عامر ڈوگر نے اہم کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس قانون کے پاس ہونےسے آئندہ الیکشن میں دھاندلی کا اعتراض کسی پارٹی کی طرف سے نہیں اٹھے گا، صاف شفاف الیکشن ہوں گے تو اس ملک میں، جو بھی قیادت آئے گی اس پر کوئی الزام نہیں لگ سکے گا کہ وہ دھاندلی کر کے آئی ہے، بل کا پاس ہونا ایک بڑی کامیابی ہے ۔