قومی خبر رساں ادارے میں شفاف بھرتیاں، نئے ملازمین پر بھاری  ذمہ داریاں ہیں؛وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین 

30

 اسلام آباد ، 26 نومبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین  نے اے پی پی کی ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کے تحت بھرتی ہونے والے کنٹریکٹ ملازمین کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018ءمیں جب ہم اقتدار میں آئے تو ریاستی میڈیا کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے کام کا آغاز کیا، اے پی پی کو عالمی خبر رساں اداروں کی طرز پر ڈیجیٹل نیوز ایجنسی بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گئے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں پہلی مرتبہ میرٹ پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں، ہم ایسا نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں جس سے شفافیت نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ میں 2016ءسے پاکستان تحریک انصاف کے ڈیجیٹل میڈیا کے معاملات دیکھ رہا تھا، بحیثیت سیاسی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کا ڈیجیٹل میڈیا ریاست کے میڈیا سے زیادہ مضبوط تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں جب ہم اقتدار میں آئے تو ہم نے ریاستی میڈیا کو ڈیجیٹل شعبہ میں مضبوط بنانے کے کام کا آغاز کیا۔ اے پی پی کو رائٹرز اور اے ایف پی جیسے عالمی خبر رساں اداروں کی طرز پر ڈیجیٹل نیوز ایجنسی بنانے کی کوشش کی، 2018ءمیں جو سوچا، آج الحمد اللہ اسے مکمل ہوتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اے پی پی کو صحافت کے میدان میں جدید دور کے تقاضوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صحافتی خدمات انجام دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں  نے کہا کہ 50ءاور 60ءکی دہائی اور آج کے ڈیجیٹل دور کی صحافت میں بہت فرق ہے، اے پی پی ایسا کمرشل ماڈل اپنائے جس سے وسائل پیدا ہوں تاکہ وہ مالی لحاظ سے اپنے پائوں پر کھڑی ہو سکے اور اپنے ملازمین کو زیادہ بہتر مراعات دے سکے۔ انہوں نے اے پی پی میں بھرتی ہونے والے نئے ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے ملازمین اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ادارے کی مزید بہتری کے لئے اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے موجودہ حکومت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے انتھک کوششیں کرنے پر منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی مبشر حسن اور ان کی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔