مظفرگڑھ،10نومبر(اے پی پی):ملاوٹی دودھ کےخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، تین ہزار بیس لیٹر مضر صحت دودھ تلف کر دیا گیا۔
کارروائی مظفرگڑھ شہر کے مضافات میں بھٹہ پور بائی پاس ملتان روڈ پر ایک خفیہ اطلاع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں ناکہ لگا کر کی گئی،جس دوران جدید لیکٹو سکین مشین سے موقع پر دودھ کو ٹیسٹ کیا گیا،ملاوٹ شدہ اور مضر صحت پائے جانے پر دودھ کو تلف کر دیا گیا۔ تلف کئے جانے والے دودھ میں پانی اور کیمیکلز کی ملاوٹ کی گئی تھی، مضر صحت اور ملاوٹی دودھ شہر بھر میں مختلف ڈیری شاپس پر سپلائی کیا جانا تھا۔
اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوانہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف صوبہ بھر میں گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ عوام دودھ کا مفت ٹیسٹ کروانے کے لیے فوڈ اتھارٹی کے قریبی دفتر تشریف لائیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فیس بک، ویب سائٹ یا ہیلپ لائن 080080500 پر اطلاع دیں۔