ملتان: نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں سپورٹس گالا کا افتتاح کر دیا گیا

50

ملتان ،23 نومبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں  نے منگل کو یہاں نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں سپورٹس گالا کا افتتاح  کیا۔اس موقع پر انجینئرنگ یونیورسٹی قاسم پور میں مخلتف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں  نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث طویل جمود کے بعد ضلع میں غیر نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے رنگ بکھرنے کا آغاز کردیا گیا ہے۔محکمہ سپورٹس اور تمام تعلیمی اداروں کو کھیلوں کے مختلف پروگرام کا انعقاد کرنے اور سپورٹس گالا کرانے کا ٹاسک دیا ہے تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جاسکے۔

 ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے گی تاکہ طلباءکی شخصیت میں نکھار پیدا کرنے کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی بڑھائی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ و ٹیکنالوجی یونیورسٹی کو جلد نئی بلڈنگ میں فعال کیا جائے گا تاکہ اس ادارے کی افادیت سے اس خطے کے طلباءمکمل فائدہ اٹھا سکیں۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے طلباءکے ہمراہ بیڈمنٹن بھی کھیلی اور ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر انجینئر عامر اعجاز رجسٹرار ڈاکٹر عاصم عمر بھی تقریب میں موجود تھے۔