ملتان، 24 نومبر (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے بدھ کو یہاں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے ، کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے لودھی کالونی واٹر فلٹریشن پلانٹ کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس پر فلٹر تبدیلی کے بارے میں معلومات واضح آویزاں کی جائیں۔
کمشنر نے نواب پور روڈ پر جاری واسا کے ترقیاتی منصوبے کا بھی دورہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی پریشانی کو مدنظر رکھ کر منصوبہ جلد مکمل کیا جائے ۔
کمشنر نے سلطان آباد پارک،لودھی کالونی پارک، پیر خورشید کالونی پارک کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں کو بہتر بنا کر عوام کو تفریح کے بہترین مواقع فراہم کررہے ہیں ۔
کمشنر نے سیداں والا بائی پاس اور اطراف کا بھی دورہ کیا اور سیداں والا چوک تا ہیڈ محمد والہ کو دو راہیہ کرنے کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ 11 کلومیٹر روڈ پر 1 ارب 18 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
کمشنر سے شہریوں نے بھی ملاقات کی اور اپنے مسائل بیان کئے ۔انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل میں شہریوں کے مسائل حل کرنے بارے کوشاں ہیں۔
اس موقع پر واسا، پی ایچ اے، کارپوریشن، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افسران ہمراہ تھے۔