ملکی آبادی کا 60 فیصد 30 سال سے کم ہے،کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کی ترقی کے لیے اہم ہے: شوکت ترین

12

اسلام آباد۔8نومبر  (اے پی پی):مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہےکہ نوجوانوں کو ہر سہولت کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافے سے ملک ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہو گا، کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، ہمارا مقصد فلاحی مملکت کا قیام اور ملک کو شاندار معاشی مستقبل فراہم کرنا ہے جس کے لئے ہم سب کو ٹیکس دینا ہو گا، حکومت ٹیکس گزاروں اور کاروباری بردری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں کامیاب نوجوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام پروگراموں کا مقصد ملکی آبادی کے 60 فیصد پر مشتمل 30 سال سے کم عمر کے نوجوانوں کو سہولیات دینا ہے کیونکہ نوجوانوں کی استعداد کار  اضافے سے  ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔