اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی حالات کےلئے ایک ہی ہیلپ لائن 911 قائم کی جائے گی۔۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کریمنل پراسیکیوشن سروس ایکٹ 2021ءکی منظوری موخر کر دی ہے تاکہ باقی متعلقہ قوانین کے ساتھ اس کو پیش کیا جاسکے اور سب قوانین کی کابینہ ایک ساتھ منظوری دے سکے۔ مجوزہ قوانین کابینہ کی کمیٹی برائے قانون کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔ ان قوانین کے اطلاق کے بعد استغاثہ فوجداری مقدمات میں اسلام آباد پولیس کی معیاری تحقیقات کرنے میں رہنمائی فراہم کر سکے گی تاکہ مقدمات موثر انداز میں نمٹائے جا سکیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ بین الاقوامی منڈی میں گیس اور آر ایل این جی کی قیمتیں بڑھنے کے پیش نظر اور گیس کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کے لئے کابینہ نے کیپٹو پاور پلانٹس کے لئے گیس کا نرخ 6.5 ڈالر سے بڑھا کر 9 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کر دیا ہے۔ ایکسپورٹ سیکٹر کے باقی یونٹس کے لئے آر ایل این جی کا نرخ 6.5 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو برقرار رہے گا۔ قیمتوں کا اطلاق 15 نومبر 2021ءسے لے کر 31 مارچ 2022ءتک ہوگا۔ اس فیصلے کی وجہ سے گیس کی موثر کھپت میں مدد ملے گی اور قومی خزانے پر بوجھ کم پڑے گا۔ اس فیصلے سے گھریلو صارفین پر کوئی اثر نہیں پڑے گا جن کی گیس کی ضروریات ملک کے اندر پیدا ہونے والی گیس سے پوری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور تیل عالمی مارکیٹ سے جڑے ہوئے ہیں، ہر چیز پر سبسڈی دے کر ملک نہیں چلایا جا سکتا۔