خیرپور،18نومبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر راجہ طارق چانڈیو نے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے 34 سرکاری افسران پر مشتمل وفد کے اعزاز میں ایک استقبالیہ دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے دربار ہال میں وفد میں شامل افسران کو ضلع خیرپور کی تاریخ، جغرافیہ ،روینیو ،تعلیم ،صحت ،ترقیاتی اسکیموں، اسپتال، تاریخی مقامات، زراعت، آرٹ اینڈ ڈیزائن کالج، شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور، بینظیر بھٹو ٹیکنالوجیز اینڈ اسکلز ڈویلپمنٹ یونیورسٹی، گمبٹ اسپتال، کے ایم سی اسپتال اسپورٹس کمپلیکس سمیت دیگر مقامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد میں شامل سرکاری افسران نے ڈی سی خیرپور کو مختلف مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر خیرپور نے آنیوالے مہمانوں کو سندھی روایتی اجرک کا تحفہ پیش کیا۔
مڈ کیرئیر مینجمنٹ 32 کورسز کے 34 سے زائد سرکاری افسران پر مشتمل مطالعاتی وفد نےتاریخی مقامات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیرپور کے جغرافیہ، تاریخی مقامات سمیت دیگر مقامات کے حوالے سے بہت زیادہ معلومات حاصل ہوئی ہیں جن سے سرکاری امور میں مدد ملے گی۔اس موقع پر وفد کے سربراہ نے ڈپٹی کمشنر خیرپور راجہ طارق چانڈیو کاشکریہ ادا کیا۔