وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت رحمت اللعالمین اتھارٹی پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس

11

اسلام آباد۔19نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے رحمت اللعالمین اتھارٹی سے متعلق تمام اقدامات پر تیزی سے عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی کا مقصد معاشرے کی اخلاقی برائیوں کا سیرتِ طیبہ کی روشنی میں تدارک ہے، بچوں اور نوجوانوں میں سیرت طیبہ کی تعلیمات عام کرنے کیلئے خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو رحمت اللعالمین اتھارٹی پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں علماء کرام سے مشاورت کے طریقہ کار، بین الاقوامی سطح پر اتھارٹی کے مجوزہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈوائزی کونسل کے کردار، سکولوں و کالجوں میں طلباء میں سیرت کے شعور کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ اجلاس کو جامع میڈیا پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ معیاری نشری مواد کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں کو سیرت طیبہ کو عملی زندگی میں اپنانے کی  ترغیب دی جائے گی، نشری مواد میں سیرت کے اخلاقی پہلوؤں پر توجہ مرکوز کرکے معاشرتی برائیوں کے تدارک میں معاونت حاصل ہوگی۔ وزیرِ اعظم نے اتھارٹی سے متعلق تمام اقدامات پر تیزی سے عمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔  اجلاس میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، پروفیسر اعجاز اکرم، ڈاکٹر انیس احمد، ڈاکٹر خالد مسعود، ڈاکٹر عارف بٹ نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔