بٹگرام،25 نومبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعرات کے روز ضلع بٹگرام کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں اُنہوں نے نو تعمیر شدہ منی مائیکرو ہائیڈرور پاور پراجیکٹ بیاری الائی سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کیا ہے ۔ 500 کلوواٹ منی مائیکرو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ بیاری 70 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جس سے 600 گھرانوں سمیت متعدد سکولوں ، طبی مراکز اور مساجد کوسستی بجلی فراہم کی جائے گی ۔
وزیراعلیٰ نے27 کروڑ 20 لاکھ روپے سے تعمیر کی گئی گورنمنٹ ڈگری کالج بنہ الائی کی عمارت اورگلئی میدان (الائی ) میں3 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کئے گئے سات مختلف کیمپنگ پاڈز کا بھی افتتاح کیا۔اُنہوں نے آر سی سی پل بیاری خوڑ اور آر سی سی پل شیرخوڑ کا افتتاح کیا جو بالترتیب 5 کروڑ71 لاکھ روپے اور 5 کروڑ 10 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر بٹیلہ روڈ کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا جو دو کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ۔
وزیراعلیٰ نے ضلع بٹگرام کے مختلف علاقوں میں 9 ایریگیشن چینلز کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا جو 5 کروڑروپے کے مجموعی تخمینہ لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ،ان چینلز کی تعمیر سے 4 ہزار360 ایکڑ اراضی سیراب ہو گی۔