وزیراعلیٰ پنجاب سے نائیجیریا کے ہائی کمشنر ابیوئے محمد بیلوکی ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا

18

 لاہور، 3 نومبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے نائیجیریا کے ہائی کمشنر ابیوئے محمد بیلو نے بدھ کو یہاں ملاقات  کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گرم جوشی اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا گیا، دونوں شخصیات نے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان اور فارماسوٹیکل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

 اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور نائیجریا کے مابین تجارتی تعلقات بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور دونوں ملکوں کے تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا جبکہ باہمی تجارت کا حجم بڑھنے سے دونو ں ملکوں کے سرمایہ کاروں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار صوبہ ہے، مقامی اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے وزیراعلی آفس کے تحت وزیراعلیٰ سرمایہ کاری سہولت سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔

 عثمان بزدار نے  کہا کہ سہولت سینٹر کے ذریعے سرمایہ کاروں کو متعلقہ اداروں کے اعلیٰ سرکاری حکام تک براہ راست رسائی دی گئی ہے، پنجاب کو سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل کرنے کیلئے ہم ”زیر این او سی“کی پالیسی لارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے اور نائیجیرین سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے تین برس میں 12سپیشل اکنامک زونز پر کام شروع کیا ہے8نئے سپیشل اکنامک زونز میں انڈسٹریلائزیشن کا عمل شروع ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت رواں ماہ دبئی ایکسپو میں صوبے کی ثقافتی اور تجارتی ”شوکیسنگ“ کر رہی ہے،دبئی ایکسپو میں شرکت کامقصد دنیا کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج سامنے لانا ہے۔

نائیجیرین ہائی کمشنر نے پنجاب میں سرمایہ کاروں کیلئے سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کے پائیدار اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ پنجاب کو بزنس فرینڈلی صوبہ بنانے کے حوالے سے آپ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

 چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔