کوئٹہ، 3 نومبر(اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے وزیر مملکت برائے سر حدی امور و چئیرمین کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ کے طور پر یہ پیغام لیکر آئے ہیں کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور مالی مسائل کے حل کے لیے بھرپور معاونت کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے وزیر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی ہمارے لیے باعث تقویت ہے اور گزشتہ روز وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں انہوں نے انکی توجہ صوبے کو درپیش مالی مسائل اور وفاقی منصوبوں میں حائل بعض رکاوٹوں کی جانب مبذول کراتے ہوئے تعاون کی درخواست کی تھی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیگر صوبوں میں ترقی کا مضبوط ڈھانچہ مو جود ہے تاہم بلوچستان ابھی تک بنیادی ڈھانچہ سے ہی محروم ہے، بلوچستان کی ترقی کے لیے وسائل اور انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل سے مالامال بلوچستان پر دنیا کی نظریں ہیں لیکن ہم وسائل کے بغیر بلوچستان کو پاکستان کا مضبوط ستون نہیں بنا سکتے ہیں، ہمیں ڈیموں سڑکوں اور بجلی کی ضرورت ہے
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس صوبائی پی ایس ڈی پی پر عملدرآمد کے لیے بھی مطلوبہ فنڈز دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں بلوچستان کی خدمت کا جو موقع دیا ہے اسکے لیے وہ اللہ کے شکر گزار ہیں اور اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور سب ساتھیوں کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی پر عمل پیرا رہیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں فنڈز کے ضیاع کے حوالے سے پایا جانے والا تاثر دور کیا جائے گا اور وسائل کے بہترین مصرف کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم سے براہ راست رابطے میں رہینگے۔
وزیر مملکت نے بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے انکی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اراکین صوبائی اسمبلی میر ظہور احمد بلیدی اور نوبزادہ طارق خان مگسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔