ملتان یکم نومبر)اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں شہریوں کے پراپرٹی ریکارڈ میں شفافیت اور روایتی پٹواری کلچر کے خاتمے کیلئے اراضی ملکیت میں شناختی کارڈز کے اندراج اور ڈیجیٹل گرداوری کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے تحصیل سطح پر دیہی مراکز مال کے قیام سے ریونیو سسٹم میں نئی جدت سامنے آئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل کبیروالہ کے دورے کے موقع پر ریونیو افسران اور پٹواریوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی کمشنر خانیوال آغا ظہیر عباس شیرازی بھی ہمراہ تھے۔کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ریونیو افسران عوام کو ریلیف دینے کیلئے نیک نیتی سے ان کی شنوائی کریں تاکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات صحیح معنوں میں عوام تک پہنچائے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ تحصیل کبیروالہ میں ریونیو افسران کی کمی پوری کرنے کیلئے بورڈ آف ریونیو کو سمری بھیجی جائے گی تاکہ فیلڈ میں گرداوری سمیت تمام ریونیو مراحل میں تیزی آسکے۔سسٹم کی خرابی کو بھی فوراً درست کروایا جائے تاکہ عوامی شکایت کا فوری ازالہ کیا جاسکے ۔
اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا اور شہریوں کے درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی سمیت ریونیو حکام بھی موجود تھے۔کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت عوام کو انکی دہلیز پر سروسز فراہمی مشن ہے۔ہر ماہ کے آغاز میں ریونیو کچہری کا مقصد ایک چھت تلے شکایات کا ازالہ ہے۔دیہی مرکز مال پر بھی ریونیو سے متعلقہ سہولیات فراہم کی گئیں ہیں۔عوای خدمت ریونیو کچہری کو عوام میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔عوامی پذیرائی پر کچہری دو روز لگائی جارہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی وژن کے تحت کام کر رہے ہیں۔ریونیو افسران پورے دن کی سروس ڈیلوری رپورٹ ایڈیشنل کمشنر ریونیو کو جمع کروانے کے پابند ہیں۔ بعد ازاں کمشنر ملتان نے دیہی مرکز مال،سب رجسٹرار آفس، اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ کیا اور بریفنگ لی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی دستیاب سہولیات بارے بات چیت کی۔کمشنر ملتان نے اپنی نگرانی میں ڈیجیٹل گرداوری بھی کروائی۔