لاہور، 20 نومبر (اے پی پی): وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان میں مذہبی آزادی کو بلاجواز نشانہ بنانے والی نام نہاد رپورٹ کو ہم یکسر مسترد کرتے ہیں اور پاکستان میں مذہبی آزادی پر امریکی تشویش پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے مسترد کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں اوّل تو کہیں مذہبی تصادم ہوانہیں اور جہاں کوئی معمولی رونما ہوا اس پر فوری ایکشن لیا گیا تاکہ ہم آہنگی فضا قائم رہے،توہین مذہب یا توہین رسالت ﷺ کے غلط استعمال کا کوئی ایک واقعہ بھی ایک سال میں رونما نہیں ہوا،بغیر تحقیق کے الزام لگایا جانا مناسب نہیں اگر پاکستان میں کہیں جبراً مذہب کی تبدیلی ہوتی ہے توہم کہتے ہیں کہ ثبوت کے ساتھ ایسے واقعات سامنے لائے جائیں۔